Wednesday, April 29, 2020

کورونا وائرس کی وبا انٹرنیٹ انفلوئنسر کو بھی لے ڈوبی

لاس اینجلس: دنیا بھر میں کورونا وائرس اور اس سے پھیلنے والی کووڈ 19 وبا کے پس منظر میں جہاں جمےجمائے کاروبار ختم ہوئے ہیں وہیں اب یوٹیوبر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر بھی شدید مشکلات کےشکار ہیں۔ اس سے قبل وہ گھر بیٹھے لاکھوں بلکہ کروڑوں میں کھیل رہے تھے۔
سفر کی ویڈیو بنانے والی ایلیکس اوتھویٹ اس سال کے ابتدائی چھ ماہ فن لینڈ، مالدیپ، ایتھوپیا اور دیگر ممالک میں گزارنے تھے لیکن اب وہ گھر پر بیٹھی ہیں۔ ہرماہ میں وہ ایک خطیر رقم کماتی تھی اور اب مشکل سےماہانہ 100 پونڈ ہی کماچکی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہےکہ پوری دنیا میں سفر بند ہے اور کوئی ان کا چینل نہیں دیکھ رہا۔ ایلیکس کے مطابق اس وقت وہ اپنی بچائی ہوئی رقم سے خرچ پورا کررہی ہیں۔
ایلیکس کی طرح مئی ٹریولرز بلاگ کی مصنفہ کیرن بیڈو کی آمدنی اس سال جنوری کے مقابلے میں 95 فیصد تک کم ہوچکی ہے اور اس ماہ انہیں مشکل سے 350 پونڈ ہی مل سکے ہیں۔ کیرن 4 سال قبل وکیل کی ملازمت چھوڑ چکی تھیں اور اب صرف اپنی بچتوں اور سرمایہ کاری کے منافع سے ہی گزربسر کررہی ہیں۔
کروڑ پتی قرضدار ہوگئے
اسرائیل کیسول انسٹاگرام پر بِرکن بوائے کے نام سےمشہورہیں۔ وہ ہربرانڈ کی تشہیر کرتے ہیں اور ان کے پاس پونے دوکروڑ کے قیمتی ہینڈ بیگز بھی ہیں۔ اب یہ حال ہے کہ انہیں اپنے والد سے پیسے لینے پڑرہے ہیں۔ اس سے قبل وہ ہر تقریب میں شرکت کے سینکڑوں ڈالر معاوضہ لیتے تھے لیکن اب ان کی پوسٹ کوئی نہیں دیکھتا اور کوئی اسے خرید نہیں رہا کیونکہ پوری دنیا بند پڑی ہے۔
کئی کمپنیوں کی مصنوعات کی تشہیر کرنے والی مینڈی روز جونز کہتی ہیں کہ اب وہ کچھ نہیں کرپارہیں تاہم انہیں امید ہے کہ موسمِ گرما کے عروج پر وہ اپنے گھر سے کچھ برانڈز کے کپڑوں کی تشہیر کرسکیں گی۔

Share:

Sunday, April 26, 2020

آج 26 اپریل کی تاریخ میں ووہان شہر سے کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد صفر ہوچکی ہے، چینی حکام

شنگھائی: چینی شہر ووہان سے کورونا وائرس مکمل طور پر ختم ہوگیا اور تمام مریضوں کو صحت یاب ہونے پر اسپتالوں سے گھروں کو روانہ کردیا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق عالمی وبا کورونا وائرس پھوٹنے کے مرکز چینی شہر ووہان سے کورونا وائرس مکمل طور پر ختم ہوگیا، چینی محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ووہان کے اسپتالوں میں موجود کووڈ 19 کے تمام مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اور انہیں گھروں کو روانہ کردیا گیا ہے اور اب وہاں ایک بھی مریض زیر علاج نہیں۔
چینی نیشنل ہیلتھ کمیشن کے ترجمان می فینگ نے بریفنگ میں بتایا کہ آج 26 اپریل کی تاریخ میں ووہان شہر سے کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد صفر ہوچکی ہے، ہم ووہان کی انتظامیہ اور ملک بھر کے طبی عملے کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس وبا کے خلاف اپنا کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ نوول کورونا وائرس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ اس کا آغاز چین کے صوبے ہوبی کے اس شہر ووہان کی گوشت مارکیٹ سے ہوا جہاں دسمبر میں پہلا کیس رپورٹ ہوا جس کے بعد یہ وائرس عالمگیر وبا کی صورت اختیار کرگیا۔
اس وائرس سے صرف ووہان میں 46 ہزار 452 افراد متاثر ہوئے یہ تعداد چین کے مجموعی مریضوں کی تعداد کا 56 فیصد ہے جب کہ ملک کی 86 فیصد ہلاکت اسی شہر میں ہوئیں اور یہ تعداد 3 ہزار 869 ہے۔ حکومت نے ووہان میں سخت لاک ڈاؤن کیا اور حفاظتی اقدامات اختیار کیے جس کے نتیجے میں انہیں اس وبا سے نجات حاصل ہوئی۔
Share:

Tuesday, April 14, 2020

کورونا لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر عوام کو ڈانٹنے والے ڈرون

روم: اٹلی کے ایک صوبے کے میئر نے ڈرون کے ذریعے ان لوگوں کو خبردار کرنا شروع کردیا ہے جو لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے باہر آوارہ گردی کررہے ہیں۔

اس سے قبل ڈرون سامان پہنچانے، خون کی ترسیل، آگ بجھانے، رنگ وروغن کرنے کا کام انجام دیتے رہے ہیں اور اب اٹلی میں کورونا وائرس کی ہولناک وبا سے ہونے والی تباہی کےبعد ڈرون سے لوگوں کو گھروں میں رہنے کے احکامات دیئے جارہے ہیں  
اسی طرح چین میں ڈرون اسپرے کے ذریعے بہت سے علاقوں اور جگہوں کو وائرس سے پاک کیا گیا ہے اور کووڈ 19 کے تناظر میں کئی ممالک میں ڈرون سے مختلف کام انجام دیئے گئے ہیں۔
اٹلی میں کورونا وائرس نے بہت بڑی آبادی کو متاثر کیا ہے جہاں اس وقت ڈیڑھ لاکھ مریض موجود ہیں اور 18 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ اٹلی کے علاقے میسنا کے میئر ’کیٹینو ڈی لیوکا‘ کو ڈرون کے اسپیکر سے چیختے اور چلاتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔ یہ ڈرون بسا اوقات میسنا کے لوگوں کا تعاقب کرتا ہے اور بار بار انہیں گھر میں رہنے کی تلقین کرتا ہے۔
میئر کے علاوہ بھی دور بیٹھے افراد اور آپریٹر صورتحال کے تحت لوگوں کو باقاعدہ ڈانٹ رہے ہیں تاکہ وہ گھروں تک محدود رہ سکیں۔ پوری دنیا میں کرفیو اور لاک ڈاؤن ہی کورونا وائرس سے پھیلنے والی بیماری سے بچنے کا سب سے مؤثر طریقہ رہ گیا ہے۔
دوسری جانب ڈرون کے ذریعے اسپین میں بھی لوگوں کو خبردار کرنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
Share:

Wednesday, April 8, 2020

کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے دوران شادی کی تقریب، دلہا اور دلہن گرفتار

کیپ ٹاﺅن: جنوبی افریقا میں کورونا وائرس لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر پولیس نے شادی کی تقریب میں چھاپہ مار کر دلہا، دلہن، باراتیوں، میزبانوں اور پادری کو حراست میں لے لیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی افریقا میں کورونا وائرس وبا کے پیش نظر ملک بھر میں لاک ڈاؤن ہے اور تمام سماجی تقاریب پر بھی پابندی ہے جس کی خلاف ورزی ایک نوبیاہتا جوڑے کو بڑی قیمت چکانی پڑی۔

جنوبی افریقا کے صوبے کوازولو ناتال میں شادی کی تقریب جاری تھی اور 40 مہمانوں کے درمیان دلہا دلہن نئی زندگی کے خواب آنکھوں میں سجائے ایک دوسرے سے عہد و پیماں کررہے تھے کہ پولیس نے چھاپہ مار دیا۔
پولیس نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر نہ صرف تمام مہمانوں اور رسم کی ادائیگی کرانے والے پادری کو حراست میں لے لیا بلکہ دلہا اور دلہن کو بھی گرفتار کرکے تھانے لے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار شدگان کو کل عدالت میں پیش کیا جائے گا اس طرح دلہا دلہن کو اپنی شادی کی پہلی رات جیل میں کاٹنا ہوگی۔ سوشل میڈیا پر پولیس کی کارروائی کی ویڈیو وائرل ہوگئی جس میں جوڑے کو پولیس وین میں بٹھاتے 
 ہوئے دیکھا جا سکتا ہےکلپ کی تصویری جھلکیاں  ملاحظہ ہیں۔



Share:

Wednesday, April 1, 2020

پاکستان میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 2000سے تجاوز کر گئ۔

ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 2039 ہوگئی ہے جب کہ وائرس کے باعث اب تک 26 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
حکومتی اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 2039 ہوگئی ہے جب کہ وائرس کے باعث اب تک 26 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، کورونا وائرس سے متاثر 10 افراد کی حالت تشویشناک ہے جب کہ 82 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔
حکومت کی جانب سے جاری نئے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے 708، سندھ میں 676، خیبر پختونخوا میں 253، بلوچستان میں 158، اسلام آباد میں 54، گلگت بلتستان میں 184 اور آزاد کشمیر میں 6 مریض موجود ہیں۔
کورونا وائرس اور کچھ احتیاطی تدابیر؛
کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔
سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر اُبھری ہوئی پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔
پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اور وہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے۔ گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔


Share:

Tuesday, March 31, 2020

ملک میں کرونا مریضوں کی تعداد 1800 سے تجاوز کرگئے

ملک بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد 1865 ہوگئی، 25 افراد جاں بحق
کراچی: ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد ایک ہزار 865 ہوگئی ہے جب کہ جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 25 ہوگئی ہے۔
وفاقی وزارت صحت کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سیل کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد ایک ہزار 865 ہوگئی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 148 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جب کہ ایک مریض دم توڑ گیا، 12 کی حالت تشویشناک ہے اور 58 مریضوں نے اس وائرس کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد پنجاب میں ہے، جہاں 652  افراد میں اس کی تشخیص ہوچکی ہے، سندھ میں 627 ، خیبر پختونخوا میں 221، بلوچستان میں 153 ، اسلام آباد میں 58 ، گلگت بلتستان میں  148 اور آزاد کشمیر میں 6  مریض ہیں۔ 
سندھ میں 41 کورونا مریض صحت یاب
وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے تصدیق کی ہے کہ صوبے بھر میں مزید 61 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ جس کے بعد کرونا وائرس سے متاثرہ کیسز کی تعداد 627 ہوگئی ہے۔ اب تک سندھ میں 41 کورونا متاثرہ افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔
غیر تصدیق شدہ ٹیسٹک کٹس کی بھرمار
اپنی ٹوئٹ میں فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی غیر تصدیق شدہ ٹیسٹک کٹس کی بھرمار ہو رہی ہے،اس صورت میں وہ ‏صوبائی حکومتوں اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو متنبہ کرنا چاہتا ہوں کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان جب تک اپنی کٹس کی تصدیق نہیں کرتا، اس وقت تک صرف تصدیق شدہ کٹس ہی درآمد کی جائیں۔
کورونا وائرس اور کچھ احتیاطی تدابیر
کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیجئے۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں ۔ سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر اُبھری ہوئی پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں ۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔
پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اور وہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے۔ گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔ اس طرح دن میں ایک مرتبہ گرم بھاپ لینے سے سانس کی نالی اور سائینس کی بھی صفائی ہوجاتی ہے۔
Share:

ایک سو پچاس گھونگھوں کو پالنے والی خاتون

لندن: اگرچہ دنیا میں عجیب و غریب پالتو جانوروں کو پالنے کا رحجان بھی موجود ہے لیکن ایک خاتون نے گھونگھوں کو گود لینے کا فیصلہ کیا ہے اور اب تک 150 پالتو گھونگھے جمع کرکے ’ گھونگھا خاتون‘ کا اعزاز حاصل کرچکی ہیں۔

چالیس سالہ پیپر اپالو برطانیہ سے تعلق رکھتی ہیں اور اپنے لیے ’کریزی اسنیل لیڈی‘ کا نام استعمال کرتی ہیں۔ ایک ڈاکیومینٹری میں وہ کہتی ہیں کہ دس سال قبل انہیں گھونگھوں سے محبت ہوگئی اور اب فیس بک ہو یا انسٹاگرام ان کی پوسٹس میں جگہ جگہ گھونگھے نظر آئیں گے۔ تاہم ان کے پاس خول والے گھونگھوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔
وہ کہتی ہیں کہ لوگوں کی اکثریت گھونگھوں کو سست، بے کار اور دماغ سے عاری کیڑے قرار دیتے ہیں، لیکن وہ پیچیدہ احساسات رکھتے ہیں اور فیصلہ کرنے کے علاوہ ان کی یادداشت بھی ہوتی ہے خواہ یہ بات سائنس سے ثابت ہوچکی ہے یا نہیں لیکن ان کے مطابق گھونگھوں کو ان سے بہتر کوئی اور نہیں جانتا۔
کئی اقسام کے گھونگھے ان کے گھروں میں موجود ہیں اور وہ دن میں کئی مرتبہ ان کے لیے مزیدار کھانے تیار کرتی ہیں۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر گھونگھے 
پالنے، ان کی نسل خیزی اور دیگر ہدایات پر مبنی دستاویز بھی رکھی ہیں۔

Share:

Monday, March 30, 2020

بارہ سو ارب کا وزیراعظم معاشی پیکج منظور

 اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کورونا وائرس کے تناظر میں عوام کو ریلیف دینے کےلیے 12 سو ارب روپے کا وزیراعظم معاشی پیکیج منظور کرلیا۔
مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم معاشی ریلیف پیکیج کی منظوری دے دی گئی۔

کمیٹی نے کورونا وائرس کے پیش نظر 12 سو ارب روپے سے زائد کا معاشی پیکیج منظور کرلیا جس میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کیلئے 200 ارب روپے رکھے گئے ہیں، برآمدی شعبے اور صنعتوں کیلئے 100 ارب روپے جبکہ زراعت اور اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایس ایم ایز) کیلئے 100ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
معاشی پیکیج میں یوٹیلیٹی اسٹورز کیلئے 50ارب روپے، سرکاری سطح پر گندم کی خریداری کیلئے 280ارب روپے، ایک کروڑ 20 لاکھ مستحق خاندانوں کیلئے 100 ارب روپے سے زائد رکھے گئے ہیں۔
ای سی سی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف کیلئے 70ارب روپے کی منظوری دے دی، بجلی اور گیس بلوں میں ریلیف کیلئے 110ارب روپے فراہم کئے جائیں گے، ہنگامی فنڈز کیلئے 100 ارب روپے مختص کئے گئے جب کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو 25ارب روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
Share:

Sunday, March 29, 2020

کرونا سے متعلق عوام کو اصل صورتحال بتائی جائے٫شہباز شریف

 ‎پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کورونا سے متعلق قوم کو اصل صورتحال بتائی جائے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ‎حقائق چھپانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے، قوم کو اصل صورتحال بتائی جائے، تمام ڈیٹا قوم کے سامنے لایا جائے کہ کتنے لوگوں کی اسکریننگ ہوئی اور کتنے افراد کے ٹیسٹ کئے گئے۔
شہباز شریف نے کہا کہ قوم کو بچانے اور محفوظ بنانے میں کورونا وائرس کی نگرانی اور بچاؤ کی کلیدی اہمیت ہے، اسپتالوں سے کورونا کے مریضوں کو فی الفور الگ کیا جائے، ‎شادی ہال، مساجد، سکول، کالج کی عمارتوں کو کورنٹین مقاصد کے لئے استعمال کیا جائے۔
صدر (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ ٹیسٹنگ کے دائرہ کار کو وسیع کیا جائے، ہر فرد کی ٹیسٹنگ کو یقینی بنایا جائے اور اس مقصد کے لیے جامع حکمت عملی اپنائی جائے۔ کورونا ٹیسٹنگ کو فوری طور پر مفت کیا جائے، سماجی فاصلے اور ایک دوسرے سے دور رہنے کے طبی اصول پر سختی سے عمل کیا جائے، ‎ڈاکٹرز، پولیس اور معاون عملے کی تربیت کی جائے، کورونا مریضوں کو اچھوت نہ بنایا جائے، ان کا ہمدردی اور غم گساری سے علاج کیا جائے، ان سے ملزم والا برتاؤ نہ کیا جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ٹیچنگ اسپتالوں میں ہیپاٹائیٹس بی اور سی کے تجزیے کے لئے قائم ہونے والی لیبارٹریوں کو کورونا پی سی آر کٹس اور بائیو سیفٹی کیبنٹس فراہم کی جائیں، ‎ہنگامی بنیادوں پر کورونا کے مریضوں کی دیکھ بھال، احتیاط، علاج، مشینوں کے استعمال اور ٹیسٹنگ سے متعلقہ امور کی تربیت کا پلان بنایا جائے۔ ڈی ایچ کیوز میں بائیو سیفٹی لیول ٹو کٹس کی تبدیلی سے پی سی آر مشینوں کو استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔
Share:

Saturday, March 28, 2020

کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث چیک کلئیرنگ آ پریشن آ سان بنا دیا گیا!

بینکوں میں چیک کلئیرنگ کرانا ہمیشہ مشکل ہوتاہے،اسٹیٹ بینک نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث چیک کلئیرنگ آپریشن آسان بنا دیا ہے
بینک نے سرکلر جاری کیا ہے جس کے تحت صرف جس بینک کا چیک ہے وہاں جا کر وہ کلئیر ہوجائے گا۔ اس مقصد کے تحت متعلقہ بینک جا کرکاؤنٹر پر کراس چیک دینا ہوگا۔ بینک کاؤنٹر پراپنا بینک اکاؤنٹ نمبر فراہم کرنا ہوگا۔متعلقہ بینک چیک کی رقم آپ کے اکاؤنٹ میں منتقل کردے گا۔

چینل کلئیرنگ کا 48 گھنٹوں کا وقت اب صرف 3 منٹ کردیا گیا۔اسٹیٹ بینک نے اس نئے آسان آپریشن کا سرکلر بھی جاری کردیا ہے۔بینکوں کی شاخوں میں رش کم رکھنے کے لیے سہولتوں کا اعلان بھی کردیا گیا ہے۔ کسٹمرز چیک سے ادائیگی کرنے والوں کے بینک سے براہ راست وصولی کرسکیں گے۔ کسٹمر کو چیک اپنے اکاؤنٹ میں جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ رقم ادا کرنے والا بینک چیک کی تصدیق کرکے وصول کنندہ کے اکاؤنٹ میں آن لائن رقم منتقل کرسکے گا۔
چیک کی ادائیگیاں رئیل ٹائم گراس سیٹلمنٹ سسٹم یا اور دی کاؤنٹربنیادوں پر کی جائیں گی۔ دونوں اکاؤنٹس آن لائن ہونے کی صورت میں رقم اسی وقت آن لائن بھی منتقل ہوسکے گی۔کارپوریٹ ادارے اسکین شدہ چیک ای میل یا بینک کی موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے بھی جمع کرسکیں گے۔
Share:

کرونا مریضوں کی تعداد 1495تک جا پہنچی بارہ افراد جاں بحق!

ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1495 تک جاپہنچی ہے جب کہ وائرس سے اب تک 12 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
کورونا وائرس سے متعلق حکومتی ویب سائٹ کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 79 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1495 ہوگئی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے تحت گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا جس کے بعد ملک بھر میں اس وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 12 ہوگئی ہے جب کہ 7 افراد کی حالت تشویشناک ہے اور 25 صحتیاب ہوچکے ہیں۔پنجاب میں کیسز کی تعداد سندھ سے بھی تجاوز کرگئ۔

نئے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد سندھ سے بھی تجاوز کرکے 557 تک جا پہنچی ہے جب کہ سندھ میں مریضوں کی تعداد 469 ہے، نئے کیسز سامنے آنے کے بعد پنجاب کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ بن گیا ہے۔


اس کے علاوہ دیگر صوبوں بلوچستان میں 133، خیبر پختون خوا میں 188، گلگت بلتستان میں 107 جب کہ اسلام آباد میں 39 اور آزاد کشمیر میں 2 مریض ہیں۔
Share:

Wednesday, March 11, 2020

کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ 2275 پوائنٹس کی کمی کے نتیجے میں کریش کرگئی اور سرمایہ کاروں کے کھربوں روپے ڈوب گئے۔

کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ 2275 پوائنٹس کی کمی کے نتیجے میں کریش کرگئی اور سرمایہ کاروں کے کھربوں روپے ڈوب گئے۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی بازار
 حصص شدید مندی کا شکار ہوگیا اور لین دین معطل کردیا گیا۔ کورونا وائرس اور سعودی عرب کے سیاسی حالات نے تیل کی عالمی مارکیٹس اور بازار حصص پر گہرا اثر ڈالا اور سعودی حکومت نے تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کردی۔
عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں 30 فیصد کمی کے باعث کئی ممالک کی اسٹاک مارکیٹس کریش کرگئیں جس کے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر بھی شدید منفی اثرات مرتب ہوئے اور مارکیٹ تیزی سے نیچے آگئی۔ صورتحال اس حد خراب ہوگئی کہ مارکیٹ عارضی طور پر بند کرنی پڑی۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس 2 ہزار 275 پوائنٹس کی کمی سے 35 ہزار 943 کی سطح تک گر گیا اور 6.33 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ تیل کمپنیوں نے اپنے حصص فروخت کرنے شروع کردیے جس کے نتیجے میں مارکیٹ بے یقینی کا شکار ہوگئی اور چھوٹے سرمایہ کار بھی دھڑا دھڑ اپنے حصص بیچنے لگے۔
شدید مندی کے سبب اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار 45 منٹ کے لیے معطل کردیا گیا۔ اسٹاک مارکیٹ پہلی مرتبہ رسک مینجمنٹ کے لیے باضابطہ طور پر بند کی گئی ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے قواعد کے مطابق مارکیٹ 4 فیصد گرنے کی صورت میں خودکار نظام کے تحت بند ہوجاتی ہے اور ٹریڈنگ بند کردی جاتی ہے لیکن ان قواعد پر آج پہلی مرتبہ عمل کیا گیا ہے۔
اسٹاک مارکیٹ پونے گھنٹے بعد بحال ہوئی تو اس کے بعد بھی مارکیٹ میں گراوٹ کا سلسلہ جاری رہا۔
ادھر ایشیائی اسٹاک مارکیٹس شدید مندی کا شکار رہیں، جاپان اسٹاک مارکیٹ میں 7فیصد، چینی اسٹاک مارکیٹ میں 3فیصد،ہانگ کانگ ساڑھے تین فیصد، جنوبی کوریا4فیصد،بھارت 3فیصد،سنگاپوراسٹاک مارکیٹ میں 4فیصد، تھائی لینڈاسٹاک مارکیٹ میں 6فیصد اور بنگلہ دیش میں 2.2فیصد کمی ہوئی۔
Share:

Tuesday, March 10, 2020

کراچی: سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 2 مریض سامنے آنے کے بعد کوئٹہ میں ایک اور کیس رپورٹ ہوگیا جس کے بعد اب ملک بھر میں مریضوں کی تعداد 19 ہوگئی۔

کراچی: سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 2 مریض سامنے آنے کے بعد کوئٹہ میں ایک اور کیس رپورٹ ہوگیا جس کے بعد اب ملک بھر میں مریضوں کی تعداد 19 ہوگئی۔
سندھ میں مزید 2 افراد میں کورونا
 وائرس کے ٹیسٹ مثبت آگئے۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق ایک مریض کا تعلق حیدرآباد جبکہ دوسرا مریض کراچی کا رہائشی ہے
 محکمہ صحت سندھ کی جانب سے متاثرہ مریضوں سے رابطے میں رہنے والے افراد کی تلاش جاری ہے، ان کے ٹیسٹ لئے جارہے ہیں اور سب کو قرنطینہ منتقل کیا جارہا ہے
کراچی سے تعلق رکھنے والا کورونا وائرس کا مریض ایران سے دبئی کے ذریعے کراچی پہنچا ہے، جبکہ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے کورونا وائرس کے مریض نے شام سے براستہ دوحہ کراچی کا سفرکیا ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق اس خطرناک وائرس کے 14 مریض زیرِعلاج ہیں جبکہ ایک مریض مکمل طورپرصحتیاب ہوکر اسپتال سے فارغ ہوچکا ہے۔
Share:

Thursday, March 5, 2020

ڈیرن سیمی پشاور زلمی کی کپتانی سے مستعفیٰ، ہیڈ کوچ مقرر

ڈیرن سیمی پشاور زلمی کی کپتانی سے مستعفیٰ، ہیڈ کوچ مقرر


ڈیرن سیمی کو پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ مقرر کرلیا گیا اور وہاب ریاض آئندہ میچز کے لئے ٹیم کے کپتان ہوں گے۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے بطور کپتان مستعفیٰ ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کے لئے ہمیشہ اچھا کھیلنے کی کوشش کی، کھلاڑیوں سے بھی کہا ہمیشہ ٹیم کے لئے اچھا کھیلیں، آخری دو سال کھیل کے دوران ان فٹ بھی ہوا، چاہتا ہوں اب کچھ الگ کردار ادا کروں، اب ٹورنامنٹ میں نوجوان کھلاڑیوں کو آگے آتا دیکھنا چاہتا ہوں۔
ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ  وہاب ریاض آئندہ میچز کے لئے ٹیم کے کپتان ہوں گے تاہم  میرے پاس خود کو منتخب کرنے کا بھی اختیار ہے، ٹیم مینجمنٹ اور کوچز کا شکریہ ادا کرتا ہوں، مجھے پوچھا جاتا ہے آپ کا بہترین کوچ کون رہا میرا جواب ہوتا ہے محمد اکرم۔
دوسری جانب محمد اکرم  ڈائریکٹر کرکٹ اور باؤلنگ کوچ کے طور پر کام کریں گے۔ اس موقع پر محمد اکرم  نے کہا کہ سیمی نے ہیڈ کوچ کا چارج آج سے ہی سنبھال لیا ہے، ڈیرن سیمی کو نئی ذمہ داری پر مبارکباد دیتے ہیں، ڈیرن سیمی ہیڈ کوچ کم پلیئرکے طور پر کام کریں گے، سیمی کے ساتھ پاکستانی محبت کرتے ہیں، سیمی کی بطور کپتان خدمات شاندار ہیں، ڈیرن سیمی کے ساتھ بہترین وقت گزر رہا ہے، اب انہیں ڈیرن زلمی کہنا چاہیے۔
Share:

Saturday, February 29, 2020

پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کر دی گئی

پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کر دی گئی
وفاقی حکومت نے مارچ کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں  7 روپے فی لیٹر تک کمی کردی۔
وزرات خزانہ کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کی منظوری دی گئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 111 روپے 60 پیسے فی لیٹر ہوگی۔ 
وزرات خزانہ نے بتایا کہ ڈیزل کی قیمت میں بھی 5 روپے فی لیٹر کمی کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 122 روپے 26 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت 7 روپے فی لیٹر کمی کے بعد 92 روپے 45 پیسے فی لیٹر ہوگی جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 7 روپے کمی کے بعد 77 روپے 51 پیسےفی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
نئی قیمتوں کا اطلاق یکم مارچ یعنی کل سے ہوگا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے یکم مارچ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری پٹرولیم ڈویژن کو بھجوائی تھی جس میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں ساڑھے 7 روپے تک کمی کی تجویز دی گئی تھی۔
Share:

’بھائی تین چار دن سے سویا نہیں، ویڈیو اتوار کو آرہی ہے

’بھائی تین چار دن سے سویا نہیں، ویڈیو اتوار کو آرہی ہے
مداحوں کا انتظار اب ختم ہونے کو ہے کیونکہ راک اسٹار علی ظفر کا پاکستان سپر لیگ 5 کے لیے نیا گانا اتوار کو ریلیز کیا جائے گا۔
علی ظفر کی جانب سے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’اب اتنی ای میلز آچکی ہیں کہ ہمارا جی میل کریش کر گیا ہے، اب بس کردیں کیوں کہ ہمارے پاس اتنا مواد جمع ہوچکا ہے، اتنے لوگوں نے لندن، پیرس سے پتا نہیں کہاں کہاں سے ای میلز بھیج دی ہیں اور اس ڈانس کے ساتھ جو جو کچھ ہو سکتا تھا وہ کرکے بھیج دیا ہے‘۔
علی ظفر نے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ ’میں سب کی ویڈیوز سے بہت متاثر ہوا ہوں، آپ کا بہت شکریہ جو آپ نے اتنا سارا پیار اور ڈانس بھیجا ہے، اب چیلنج یہ ہے کہ اس سارے ڈانس کو ایک گانے میں کس طرح ڈالنا ہے‘۔
گانے کی ویڈیو کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’ایڈیٹرز آئے ہوئے ہیں، کل کی رات بھی لگی، اس ویڈیو کے لیے دو دن میں بھی شوٹ کرتا رہا، اپنے کالج اور دوسرے کالج میں جتنا میں ڈانس کر سکتا تھا پوری جان مار دی ہے‘۔
راک اسٹار نے ویڈیو پیغام کے آخر میں بتایا کہ ’بھائی تین چار دن سے سویا نہیں ہے، ابھی بھی نہیں سوؤں گا جب تک آپ کے لیے  یہ تیار نہ ہوجائے، کوشش پوری ہے کہ اتوار کی شام تک آپ کی خدمت میں یہ ویڈیو پیش کی جائے‘۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 5 کے ترانے ’تیار ہیں‘ میں اپنی آواز شامل کرنے والے گلوکار علی عظمت نے ایک انٹرویو میں علی ظفر کا نام لیے بغیر کہا کہ ایک فنکار ہے انہوں نے گانے کو خراب کرنے کے لیے بلاگرز کا گروپ بنایا انہیں پیسے دیے تاکہ وہ گانے کو ناکام کریں اور سوشل میڈیا پر اس کے لیے مہم چلائیں۔
ایسے میں علی ظفر نے بھی ٹوئٹر پر علی عظمت کا نام لیے بغیر دھیمے انداز میں ان کے الزام کا کرارا جواب دیا۔
بعد ازاں علی ظفر نے پی ایس ایل 5 کے گانے ’تیار ہو‘ سے مایوس مداحوں کو خوشخبری بھی سنائی کہ وہ جلد پی ایس ایل کا نیا گانا ریلیز کریں گے جس کی ویڈیو میں وہ مداحوں کے ڈانس اسٹیپس شامل کریں گے۔

Share:

پی ایس ایل 5: روسو کی دھواں دھار سنچری، ملتان نے کوئٹہ کو شکست دے دی

پی ایس ایل 5: روسو کی دھواں دھار سنچری، ملتان نے کوئٹہ کو شکست دے دی
رلی روسو کی دھواں دھار سنچری کی بدولت ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو  30 رنز سے شکست دے دی۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کے 12 ویں میچ میں ملتان نے پہلے کھیلتے ہوئے کوئٹہ کو جیت کے لیے 200 رنز کا ہدف دیا تاہم کوئٹہ کی ٹیم 7 وکٹوں پر 169 رنز بناسکی۔

ملتان کی اننگز

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز ذیشان اشرف اور جیمز ونس نے کیا لیکن 23 کے مجموعی اسکور پر ذیشان 8 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
جیمز ونس بھی 29 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر اعظم خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
گزشتہ میچ میں نصف سنچری اسکور کرنے والے معین علی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 6 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے۔
تین وکٹیں جلد گرنے کے بعد شان مسعود اور رلی روسو نے وکٹ کے چاروں طرف شاندار اسٹروکس کھیلے اور ٹیم کا اسکور تیزی سے آگے بڑھایا۔
شان مسعود 32 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے لیکن رلی روسو کا بلا رنز اگلتا رہا۔
رلی روسو نے 43 گیندوں پر 6 بلندو بالا چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے پی ایس ایل کی تیز رفتار سنچری اسکور کی اور وہ 100 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز اسکور کیے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے نسیم شاہ اور سہیل خان نے 45، 45 رنز دیے جب کہ بین کٹنگ نے 42 رنز کھائے اور ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
200 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کی جانب سے جیسن رائے اور شین واٹس نے اچھا آغاز کیا تاہم 57 کے مجموعی اسکور پر جیسن رائے 30 رنز بناکر بلاول بھٹی کا شکار ہوگئے۔
کوئٹہ کی دوسری وکٹ 98 کے مجموعی اسکور پر گری جب احسن علی 14 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ 
اس کے بعد اعظم خان 6 اور بین کٹنگ 12 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی آخری امید شین واٹسن 41 گیندوں پر 7 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 80 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
کپتان سرفراز احمد 9 ویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے تاہم تب تک میچ کوئٹہ کے ہاتھ سے نکل چکا تھا۔ وہ 4 گیندوں پر 3 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
مقررہ اوورز میں کوئٹہ 7 وکٹوں پر 169 رنز تک محدود رہی اور 30 رنز سے شکست اس کا مقدر بنی۔
ملتان کی جانب سے بلاول بھٹی نے 3، عمران طاہر نے دو اور خوشدل شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کجیا تھا جبکہ احمد شہزاد کی جگہ احسن علی اور ٹائمل ملز کی جگہ انور علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔



Share:

امریکا اور افغان طالبان کے درمیان 18 سال سے جاری جنگ ختم کرنے کے معاہدے پر دستخط

امریکا اور افغان طالبان کے درمیان 18 سال سے جاری جنگ ختم کرنے کے معاہدے پر دستخط
امریکا اور افغان طالبان کے درمیان 18 سالہ طویل جنگ کے خاتمے کے لیے تاریخی امن معاہدے پر دستخط ہوگئے۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہونے والی تقریب میں افغان طالبان کی جانب سے ملا عبدالغنی برادر اور امریکاکی جانب سے نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے معاہدے پر دستخط کیے۔
دوحہ معاہدے کے تحت افغانستان سے امریکی اور نیٹو افواج کا انخلا آئندہ 14 ماہ کے دوران ہوگا جب کہ اس کے جواب میں طالبان کو ضمانت دینی ہے کہ افغان سرزمین القاعدہ سمیت دہشت گرد تنظیموں کے زیر استعمال نہیں آنے دیں گے۔

امریکا افغان معاہدے کے اہم نکات

امریکا اورافغان حکومت کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے کے مطابق افغانستان سے امریکی افواج 14 ماہ میں مکمل انخلاء کریں گی اور یہ منصوبہ طالبان کی جانب سےامن معاہدےکی پاسداری سےمشروط ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق امریکا اور افغانستان جامع امن معاہدے پر مل کر کام کرنے کیلئے پرعزم ہیں، امن معاہدہ 4 نکات پر مشتمل ہوگا جو درج ذیل ہیں۔
  1. معاہدے کا اطلاق فوری طور پر ہوگا، 14 ماہ میں  تمام امریکی اور نیٹو افواج کا افغانستان سے انخلاء ہوگا، ابتدائی 135 روز میں امریکا افغانستان میں اپنے فوجیوں کی تعداد 8600 تک کم کرے گا اور اس کے ساتھ ساتھ اتحادی افواج کی تعداد بھی اسی تناسب سے کم کی جائے گی۔
  2. معاہدے کے تحت قیدیوں کا تبادلہ بھی کیا جائے گا۔ 10 مارچ 2020 تک طالبان کے 5 ہزار قیدی اور افغان سیکیورٹی فورسز کے ایک ہزار اہلکاروں کو رہا کیا جائے گا اور اس کے فوراً بعد افغان حکومت اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات شروع ہوں گے۔
  3. معاہدے کے مطابق امریکا طالبان پر عائد پابندیاں ختم کرے گا اور اقوام متحدہ کی جانب سے طالبان رہنماؤں پر عائد پابندیاں ختم کرنے پر زور دے گا۔
  4. معاہدے کے تحت افغان طالبان اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ افغان سرزمین امریکا اور اس کے اتحادیوں کیخلاف استعمال نہ ہو۔
خیال رہے کہ نائن الیون واقعے کے چند ہفتے بعد امریکا نے ستمبر 2001 میں افغانستان پر حملہ کردیا تھا۔ اب تک اس جنگ میں 2400 سے زائد امریکی فوجی مارے جاچکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق افغانستان میں اس وقت تقریباً 14 ہزار کے قریب امریکی فوجی اور 39 ممالک کے دفاعی اتحاد نیٹو کے 17 ہزار کے قریب فوجی موجود ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد افغان جنگ ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
دوحہ کے مقامی ہوٹل میں ہونے والی تقریب میں پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت 50 ملکوں کے نمائندے شریک ہوئے

Share:

امریکا طالبان معاہدہ دہائیوں پر محیط جنگ کے خاتمے کا آغاز ہے: وزیر اعظم عمران خان

امریکا طالبان معاہدہ دہائیوں پر محیط جنگ کے خاتمے کا آغاز ہے: وزیر اعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے امریکا اور طالبان کے درمیان امن معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان معاہدے کی کامیابی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
قطر میں امریکا اور افغان طالبان کے درمیان 18 سالہ طویل جنگ کے خاتمے کے لیے تاریخی امن معاہدے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ معاہدہ امن اور مفاہمت کے ذریعے دہائیوں پر محیط جنگ کے خاتمے کا آغاز ہے۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ان کا ہمیشہ سے یہ مؤقف ہےکہ کتنی ہی پیچیدہ صورتحال  کیوں نہ ہو، امن کا قیام سیاسی حل ہی کے ذریعے ممکن ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ فریقین اس بات کو یقینی بنائیں کہ  معاہدے کو سبوتاژ کرنے کےخواہاں عناصر کو کوئی موقع نہ مل سکے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ان کی دعائیں افغان عوام کے ساتھ ہیں جو 4 دہائیوں تک قتل و غارت گری کی آگ میں جلتے رہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لیے اس معاہدے کی بقاء و کامیابی میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے مکمل پرعزم اور تیار ہے۔
امریکا اور افغان طالبان کے درمیان امن معاہدے پر دستخط آج قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہوئے۔
معاہدے پر افغان طالبان کی جانب سے ملا عبدالغنی برادر اور امریکاکی جانب سے نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے دستخط کیے۔
دوحہ معاہدے کے تحت افغانستان سے امریکی اور نیٹو افواج کا انخلا آئندہ 14 ماہ کے دوران ہوگا جب کہ اس کے جواب میں طالبان کو ضمانت دینی ہے کہ افغان سرزمین القاعدہ سمیت دہشت گرد تنظیموں کے زیر استعمال نہیں آنے دیں گے۔
Share:

Blog Archive

Definition List

Unordered List

Support