Saturday, February 29, 2020

پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کر دی گئی

پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کر دی گئی
وفاقی حکومت نے مارچ کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں  7 روپے فی لیٹر تک کمی کردی۔
وزرات خزانہ کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کی منظوری دی گئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 111 روپے 60 پیسے فی لیٹر ہوگی۔ 
وزرات خزانہ نے بتایا کہ ڈیزل کی قیمت میں بھی 5 روپے فی لیٹر کمی کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 122 روپے 26 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت 7 روپے فی لیٹر کمی کے بعد 92 روپے 45 پیسے فی لیٹر ہوگی جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 7 روپے کمی کے بعد 77 روپے 51 پیسےفی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
نئی قیمتوں کا اطلاق یکم مارچ یعنی کل سے ہوگا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے یکم مارچ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری پٹرولیم ڈویژن کو بھجوائی تھی جس میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں ساڑھے 7 روپے تک کمی کی تجویز دی گئی تھی۔
Share:

’بھائی تین چار دن سے سویا نہیں، ویڈیو اتوار کو آرہی ہے

’بھائی تین چار دن سے سویا نہیں، ویڈیو اتوار کو آرہی ہے
مداحوں کا انتظار اب ختم ہونے کو ہے کیونکہ راک اسٹار علی ظفر کا پاکستان سپر لیگ 5 کے لیے نیا گانا اتوار کو ریلیز کیا جائے گا۔
علی ظفر کی جانب سے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’اب اتنی ای میلز آچکی ہیں کہ ہمارا جی میل کریش کر گیا ہے، اب بس کردیں کیوں کہ ہمارے پاس اتنا مواد جمع ہوچکا ہے، اتنے لوگوں نے لندن، پیرس سے پتا نہیں کہاں کہاں سے ای میلز بھیج دی ہیں اور اس ڈانس کے ساتھ جو جو کچھ ہو سکتا تھا وہ کرکے بھیج دیا ہے‘۔
علی ظفر نے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ ’میں سب کی ویڈیوز سے بہت متاثر ہوا ہوں، آپ کا بہت شکریہ جو آپ نے اتنا سارا پیار اور ڈانس بھیجا ہے، اب چیلنج یہ ہے کہ اس سارے ڈانس کو ایک گانے میں کس طرح ڈالنا ہے‘۔
گانے کی ویڈیو کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’ایڈیٹرز آئے ہوئے ہیں، کل کی رات بھی لگی، اس ویڈیو کے لیے دو دن میں بھی شوٹ کرتا رہا، اپنے کالج اور دوسرے کالج میں جتنا میں ڈانس کر سکتا تھا پوری جان مار دی ہے‘۔
راک اسٹار نے ویڈیو پیغام کے آخر میں بتایا کہ ’بھائی تین چار دن سے سویا نہیں ہے، ابھی بھی نہیں سوؤں گا جب تک آپ کے لیے  یہ تیار نہ ہوجائے، کوشش پوری ہے کہ اتوار کی شام تک آپ کی خدمت میں یہ ویڈیو پیش کی جائے‘۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 5 کے ترانے ’تیار ہیں‘ میں اپنی آواز شامل کرنے والے گلوکار علی عظمت نے ایک انٹرویو میں علی ظفر کا نام لیے بغیر کہا کہ ایک فنکار ہے انہوں نے گانے کو خراب کرنے کے لیے بلاگرز کا گروپ بنایا انہیں پیسے دیے تاکہ وہ گانے کو ناکام کریں اور سوشل میڈیا پر اس کے لیے مہم چلائیں۔
ایسے میں علی ظفر نے بھی ٹوئٹر پر علی عظمت کا نام لیے بغیر دھیمے انداز میں ان کے الزام کا کرارا جواب دیا۔
بعد ازاں علی ظفر نے پی ایس ایل 5 کے گانے ’تیار ہو‘ سے مایوس مداحوں کو خوشخبری بھی سنائی کہ وہ جلد پی ایس ایل کا نیا گانا ریلیز کریں گے جس کی ویڈیو میں وہ مداحوں کے ڈانس اسٹیپس شامل کریں گے۔

Share:

پی ایس ایل 5: روسو کی دھواں دھار سنچری، ملتان نے کوئٹہ کو شکست دے دی

پی ایس ایل 5: روسو کی دھواں دھار سنچری، ملتان نے کوئٹہ کو شکست دے دی
رلی روسو کی دھواں دھار سنچری کی بدولت ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو  30 رنز سے شکست دے دی۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کے 12 ویں میچ میں ملتان نے پہلے کھیلتے ہوئے کوئٹہ کو جیت کے لیے 200 رنز کا ہدف دیا تاہم کوئٹہ کی ٹیم 7 وکٹوں پر 169 رنز بناسکی۔

ملتان کی اننگز

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز ذیشان اشرف اور جیمز ونس نے کیا لیکن 23 کے مجموعی اسکور پر ذیشان 8 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
جیمز ونس بھی 29 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر اعظم خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
گزشتہ میچ میں نصف سنچری اسکور کرنے والے معین علی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 6 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے۔
تین وکٹیں جلد گرنے کے بعد شان مسعود اور رلی روسو نے وکٹ کے چاروں طرف شاندار اسٹروکس کھیلے اور ٹیم کا اسکور تیزی سے آگے بڑھایا۔
شان مسعود 32 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے لیکن رلی روسو کا بلا رنز اگلتا رہا۔
رلی روسو نے 43 گیندوں پر 6 بلندو بالا چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے پی ایس ایل کی تیز رفتار سنچری اسکور کی اور وہ 100 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز اسکور کیے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے نسیم شاہ اور سہیل خان نے 45، 45 رنز دیے جب کہ بین کٹنگ نے 42 رنز کھائے اور ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
200 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کی جانب سے جیسن رائے اور شین واٹس نے اچھا آغاز کیا تاہم 57 کے مجموعی اسکور پر جیسن رائے 30 رنز بناکر بلاول بھٹی کا شکار ہوگئے۔
کوئٹہ کی دوسری وکٹ 98 کے مجموعی اسکور پر گری جب احسن علی 14 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ 
اس کے بعد اعظم خان 6 اور بین کٹنگ 12 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی آخری امید شین واٹسن 41 گیندوں پر 7 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 80 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
کپتان سرفراز احمد 9 ویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے تاہم تب تک میچ کوئٹہ کے ہاتھ سے نکل چکا تھا۔ وہ 4 گیندوں پر 3 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
مقررہ اوورز میں کوئٹہ 7 وکٹوں پر 169 رنز تک محدود رہی اور 30 رنز سے شکست اس کا مقدر بنی۔
ملتان کی جانب سے بلاول بھٹی نے 3، عمران طاہر نے دو اور خوشدل شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کجیا تھا جبکہ احمد شہزاد کی جگہ احسن علی اور ٹائمل ملز کی جگہ انور علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔



Share:

امریکا اور افغان طالبان کے درمیان 18 سال سے جاری جنگ ختم کرنے کے معاہدے پر دستخط

امریکا اور افغان طالبان کے درمیان 18 سال سے جاری جنگ ختم کرنے کے معاہدے پر دستخط
امریکا اور افغان طالبان کے درمیان 18 سالہ طویل جنگ کے خاتمے کے لیے تاریخی امن معاہدے پر دستخط ہوگئے۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہونے والی تقریب میں افغان طالبان کی جانب سے ملا عبدالغنی برادر اور امریکاکی جانب سے نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے معاہدے پر دستخط کیے۔
دوحہ معاہدے کے تحت افغانستان سے امریکی اور نیٹو افواج کا انخلا آئندہ 14 ماہ کے دوران ہوگا جب کہ اس کے جواب میں طالبان کو ضمانت دینی ہے کہ افغان سرزمین القاعدہ سمیت دہشت گرد تنظیموں کے زیر استعمال نہیں آنے دیں گے۔

امریکا افغان معاہدے کے اہم نکات

امریکا اورافغان حکومت کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے کے مطابق افغانستان سے امریکی افواج 14 ماہ میں مکمل انخلاء کریں گی اور یہ منصوبہ طالبان کی جانب سےامن معاہدےکی پاسداری سےمشروط ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق امریکا اور افغانستان جامع امن معاہدے پر مل کر کام کرنے کیلئے پرعزم ہیں، امن معاہدہ 4 نکات پر مشتمل ہوگا جو درج ذیل ہیں۔
  1. معاہدے کا اطلاق فوری طور پر ہوگا، 14 ماہ میں  تمام امریکی اور نیٹو افواج کا افغانستان سے انخلاء ہوگا، ابتدائی 135 روز میں امریکا افغانستان میں اپنے فوجیوں کی تعداد 8600 تک کم کرے گا اور اس کے ساتھ ساتھ اتحادی افواج کی تعداد بھی اسی تناسب سے کم کی جائے گی۔
  2. معاہدے کے تحت قیدیوں کا تبادلہ بھی کیا جائے گا۔ 10 مارچ 2020 تک طالبان کے 5 ہزار قیدی اور افغان سیکیورٹی فورسز کے ایک ہزار اہلکاروں کو رہا کیا جائے گا اور اس کے فوراً بعد افغان حکومت اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات شروع ہوں گے۔
  3. معاہدے کے مطابق امریکا طالبان پر عائد پابندیاں ختم کرے گا اور اقوام متحدہ کی جانب سے طالبان رہنماؤں پر عائد پابندیاں ختم کرنے پر زور دے گا۔
  4. معاہدے کے تحت افغان طالبان اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ افغان سرزمین امریکا اور اس کے اتحادیوں کیخلاف استعمال نہ ہو۔
خیال رہے کہ نائن الیون واقعے کے چند ہفتے بعد امریکا نے ستمبر 2001 میں افغانستان پر حملہ کردیا تھا۔ اب تک اس جنگ میں 2400 سے زائد امریکی فوجی مارے جاچکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق افغانستان میں اس وقت تقریباً 14 ہزار کے قریب امریکی فوجی اور 39 ممالک کے دفاعی اتحاد نیٹو کے 17 ہزار کے قریب فوجی موجود ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد افغان جنگ ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
دوحہ کے مقامی ہوٹل میں ہونے والی تقریب میں پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت 50 ملکوں کے نمائندے شریک ہوئے

Share:

امریکا طالبان معاہدہ دہائیوں پر محیط جنگ کے خاتمے کا آغاز ہے: وزیر اعظم عمران خان

امریکا طالبان معاہدہ دہائیوں پر محیط جنگ کے خاتمے کا آغاز ہے: وزیر اعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے امریکا اور طالبان کے درمیان امن معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان معاہدے کی کامیابی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
قطر میں امریکا اور افغان طالبان کے درمیان 18 سالہ طویل جنگ کے خاتمے کے لیے تاریخی امن معاہدے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ معاہدہ امن اور مفاہمت کے ذریعے دہائیوں پر محیط جنگ کے خاتمے کا آغاز ہے۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ان کا ہمیشہ سے یہ مؤقف ہےکہ کتنی ہی پیچیدہ صورتحال  کیوں نہ ہو، امن کا قیام سیاسی حل ہی کے ذریعے ممکن ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ فریقین اس بات کو یقینی بنائیں کہ  معاہدے کو سبوتاژ کرنے کےخواہاں عناصر کو کوئی موقع نہ مل سکے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ان کی دعائیں افغان عوام کے ساتھ ہیں جو 4 دہائیوں تک قتل و غارت گری کی آگ میں جلتے رہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لیے اس معاہدے کی بقاء و کامیابی میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے مکمل پرعزم اور تیار ہے۔
امریکا اور افغان طالبان کے درمیان امن معاہدے پر دستخط آج قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہوئے۔
معاہدے پر افغان طالبان کی جانب سے ملا عبدالغنی برادر اور امریکاکی جانب سے نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے دستخط کیے۔
دوحہ معاہدے کے تحت افغانستان سے امریکی اور نیٹو افواج کا انخلا آئندہ 14 ماہ کے دوران ہوگا جب کہ اس کے جواب میں طالبان کو ضمانت دینی ہے کہ افغان سرزمین القاعدہ سمیت دہشت گرد تنظیموں کے زیر استعمال نہیں آنے دیں گے۔
Share:

Definition List

Unordered List

Support